چنڈی گڑھ، 7؍اگست(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )بی جے پی نے آج پنجاب کے جالندھر میں ہوئے آر ایس ایس کے لیڈر جگدیش گگنیجا پر جان لیوا حملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور الزام لگایا کہ یہ قوم پرست طاقتوں کو ناکام کرنے اور ریاست میں ماحول بگاڑنے کی کوشش ہے۔بی جے پی کے قومی سکریٹری ترون چگ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہم نے ریاستی حکومت سے اس معاملے کو سنجیدگی سے لینے کی مانگ کی ہے اور اس واقعہ کے پیچھے جو لوگ ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔آر ایس ایس کی پنجاب یونٹ کے گگنیجا پر کل جالندھر کے نور چوک علاقے میں کچھ افراد نے گولیاں چلائی اور انہیں شدید زخمی کر دیا۔بی جے پی پنجاب میں اکالی دل کی قیادت والے حکمران اتحاد کا حصہ ہے۔ریاست میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہیں۔جب چگ سے پوچھا گیا کہ اس واقعہ کے پیچھے کون ہو سکتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ یہ ایسے لوگوں کی حرکت ہے جو پنجاب میں پرامن ماحول کو بگاڑنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ واضح ہے کہ جو لوگ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شامل ہیں، قوم پرست قوتوں کو اپنی سرگرمیاں نہیں کرنے دینا چاہتے ہیں اور آر ایس ایس محب وطن طاقت ہے۔اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی پنجاب یونٹ اس معاملے پر غور کرے گی اور صورتحال کا جائزہ لے گی۔ویسے انہوں نے یہ کہتے ہوئے پولیس کا دفاع کیا کہ ہمیں پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز پر انحصار کرنا ہوگا کیونکہ ہم انہیں کی وجہ سے محفوظ ہیں۔وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل نے اس واقعہ کی مذمت کی اور مجرموں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت دی۔